بنگلورو،8/ مارچ (ایس او نیوز) کرناٹک اسمبلی کے انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے مرکزی الیکشن کمیشن کل سے کرناٹک کے سہ روزہ دورے پر پہنچ رہا ہے- چیف الیکشن کمشنر راجو کمار اور دیگر سینئر عہدیداران 10-9 اور 11مارچ کو بنگلور میں قیام پذیر رہیں گے اور ان ایام میں وہ آنے والے انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیں گے - اس ٹیم میں الیکشن کمشنرس انوپ چندرپانڈے اور ارون گوئل شامل ہیں - پہلے دن بنگلور آمد کے بعد وہ کرناٹک کے چیف الیکٹرول آفیسر منوج کمار مینا اور ریاست کے دیگر اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیں گے - اس کے بعد ریاست کی تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندوں سے تبادلہ خیال کیلئے الیکشن کمیشن نے وقت کا تعین کیا ہے - اس مدت میں سیاسی پارٹیوں کے ساتھ انتخابات میں درکار انتظامات کے سلسلے میں کمیشن کی بات چیت اور مشورے لئے جائیں گے - دوسرے دن ریاست کے تمام 34 اضلاع کے ضلع ریٹرننگ آفیسروں کے ساتھ کمیشن انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لے گا- اس کے بعد چیف الیکٹرول آفیسر اوربروہت بنگلور مہانگرپالیکے کی جانب سے شروع کی جارہی ووٹر بیداری مہم کا آغاز چیف الیکشن کمیشن کی طرف سے کیا جائے گا- ساتھ ہی الیکشن کمیشن کرناٹک میں ووٹر بیداری مہم کے برانڈ امباسیڈر راہل رابرٹ اور دیگر کے ساتھ تبادلہ خیال کرے گا- تیسرے دن بھی کمیشن کا وفد مختلف پروگراموں میں حصہ لے گا- اندازہ لگایا جارہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے اس سہ روزہ دورے کی تکمیل کے فوراً بعد کرناٹک اسمبلی کے انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کردیا جائے گا-